کاروار 8/ جولائی (ایس او نیوز) تیز برسات کی وجہ سے سمندر میں اچھال آنے کے بعد ساحل پر سمندری موجوں سے کھیلنے اور موج مستی کرنے پر ضلع انتظامیہ کی طرف سے پابندی لگائی گئی ہے، مگر اکثر سیاح اس کی پروا نہیں کرتے اور سمندر کے قریب جا کر موج مستی کرنے کے چکر میں اپنی جان پر کھیلنے جیسی حرکتیں کرتے ہیں۔
اکثر و بیشتر ساحل پر تعینات لائف گارڈس اور حفاظتی عملے کی طرف سے سیاحوں کو سمجھانے اور خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے سمندری لہروں کی طرف آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اس کا اثر نہیں ہوتا۔ اس کے نتیجے میں سیاحوں کے سمندروں میں اترنے اور غرقابی کے معاملے پیش آتے رہتے ہیں۔
اس مرتبہ کاروار کے ساحل پر لائف گارڈس اور حفاظتی عملے کے اہلکاروں نے ایسے سرپھرے سیاحوں کو لاٹھی کا مزہ چکھایا جس کی ویڈیو کلپ وائرل ہوئی ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند سیاحوں کو حفاظتی اہلکار سمندر سے دور رکھنے کے لئے لاٹھی کا استعمال کر رہے ہیں اور انہیں وہاں سے بھگا کر ہی دم لیتے ہیں۔ بظاہر سیاحوں کے خلاف اس طرح طاقت کا استعمال مناسب نہیں لگتا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے جس طرح جان لیوا حادثات سمندروں کے کناروں اور ساحلوں پر ہو رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے کبھی کبھی اس طرح کا اقدام ضروری بھی ہو جاتا ہے۔